پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس

120
APP44-08 ISLAMABAD: September 08 - Foreign Minister, Makhdoom Shah Mahmood Qureshi and his Chinese Counterpart Wang Yi during one-on-one meeting at Ministry of Foreign Affairs. APP

اسلام آباد ۔08 ستمبر(اے پی پی)پاکستان اور چین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عالمی امور پر پاکستان اور چین ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھیںگے، ‘سی پیک منصوبہ چینی صدر کے ‘ون بیلٹ، ون روڈ’ وژن کا عکاس ہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پرعزم ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ ہفتہ کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں ہم منصبوں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے وزیر خارجہ دورہ پاکستان کے دوران صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے، سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ ون روڈ وژن کا عکاس ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لئے تہنیتی پیغامات پر مشکور ہیں، چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی ہے جبکہ پاکستان نے بھی چین کے صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور عالمی امو رپر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور خطے لئے وسیع تزویراتی اہمیت کا حامل ہے، سی پیک سے وابستہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی اوین ترجیح ہے۔