پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل کے انتخابا ت 14جنوری کو ہوں گے،سید سلطان شاہ

130
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل برمنگھم میں شیڈول ورلڈ گیمزکےلئے قومی ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کرے گی

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل کی جنرل کونسل کا اجلاس 14 جنوری کو لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں بلائنڈکرکٹ کونسل کے انتخابات بھی ہونگے ۔چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ انتخابات میں 22 ممبران حصہ لیں گے جن میں سے 9 ڈائریکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی روز منتخب شدہ ڈائریکٹرز آئندہ تین سال کےلئے پی بی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کےلئے دو رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو کہ سلمان خالد چیئرمین اور کامران رفیق رانا پرمشتمل ہے۔ انتخابات کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے کو بطور مبصر مدعو کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی بی سی سی کے موجودہ چیئرمین سید سلطان شاہ 17 اپریل 2009 سے مسلسل 4 مرتبہ کونسل کے چیئرمین منتخب ہوتے رہے ہیں ، وہ 4 مرتبہ ورلڈ بلائنڈکرکٹ لمیٹڈ کے صدربھی منتخب ہوئے ہیں۔