اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کو گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان پر پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کی نمایاں شخصیات نے سوشل میڈیا پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور اسے پاکستان کی طرف سے خیر سگالی کے جذبے کا سب سے بڑا اظہار قرار دیا ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اس باوقار اقدام سے ایک ارب افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھارتی فوج کے سابق کرنل اور دفاعی تجزیہ نگار اجے شکلاءنے کہا ہے کہ پاکستان رائے عامہ کی جنگ مکمل طور پر جیت چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزارت دفاع گرفتار پائلٹ بارے میڈیا بریفنگ دینے جا رہی تھی لیکن وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پہلے ہی رہائی کا اعلان کر کے بھارتی وزارت دفاع کو اپنی بریفنگ منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا۔ پاکستان کی پبلک ریلیشنگ ہر مرحلے پر ہم سے آگے اور بہتر رہی۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے حقیقی مدبرانہ قیادت کا مظاہرہ کیا اب بھارتی سیاسی قیادت کی باری ہے کہ وہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ معروف بھارتی ناول نگار کرشن پرتاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اپنے بھارتی ہم منصب پر ہر لحاظ سے سبقت لے گئے ہیں۔بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امرندھر سنگھ سدھو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ خیر سگالی کی طرف اہم قدم ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ پہلے عمران خان کے ناقد تھے لیکن ان کے دانشمندانہ اور تحمل پر مبنی خطاب نے انہیں اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ بھارتی فوٹو جرنلسٹ سمیتا شرما نے بھارتی پائلٹ کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیراعظم کے اقدام کو حیران کن حقیقی مدبرانہ قیادت کا اظہار قرار دیا۔ گلوکار فخر عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے گزشتہ 48 گھنٹے میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ شکر ہے پاکستان کو بالآخر ذاتی مفادات اور خود غرضانہ مقاصد رکھنے سے پاک حکومت ملی۔ ایڈووکیٹ وقاص میر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم جنگی جنون کو چھوڑ کر اس بات کی خوشی منائیں کہ بھارتی پائلٹ اپنے اہل خانہ کے ساتھ دوبارہ مل سکے گا۔ صحافی اویس توحید نے اور مظہر عباس نے وزیراعظم کے اقدام کو امن کی علامت قرار دیا۔ سینئر تجزیہ کار زاہد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمارے دل جیت لئے۔ سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی پولی فاطمہ بھٹو نے وزیراعظم کے اقدام کو بہادرانہ اور انسانی ہمدردی پر مبنی قرار دیا۔