پاکستان شاہینز کا ڈارون ٹور کا وائٹ بال مرحلہ اتوار سے شروع ہوگا

231
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

ڈارون۔2اگست (اے پی پی):پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور کا وائٹ بال مرحلہ اتوار سے شروع ہوگا ۔ پاکستان شاہینز ناردن ٹیریٹری کے خلاف گارڈنز اوول کے مقام پر 4 اگست اتوار کو پچاس اوورز کا ون ڈے میچ کھیلے گی ۔6 اگست کو پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے کے خلاف ڈی ایکس سی ارینہ میں ون ڈے میچ کھیلے گی۔ ان دو میچوں کے بعد پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 10 اگست کو اپنا پہلا میچ پرتھ سکارچرز کے خلاف کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے والی دوسری ٹیموں میں ناردرن ٹیریٹری سٹرائیک، بنگلادیش اے، اے سی ٹی کومیٹس، ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز، میلبرن سٹارز، میلبرن رینیگیڈز، اور تسمانیہ شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں فاسٹ بولر کاشف علی تھائی کی تکلیف کے سبب باہر ہوگئے ہیں ، طیب طاہر کو محمد ہریرہ کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ہریرہ جنہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی وطن واپس آگئے ہیں ، وہ بنگلہ دیش کے خلاف ریڈ بال میچز کے لئے زیر غور ہیں ۔ پاکستان شاہینز سکواڈ میں محمد حارث ( کپتان )،عبدالفصیح، عرفات منہاس، عارف یعقوب،فیصل اکرم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) جہانداد خان ، خرم شہزاد (صرف ون ڈے میچوں کے لئے دستیاب )، عرفان خان، عمران جونیئر،مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان ، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں ۔

عبدالرحمن ہیڈ کوچ ہیں ۔پاکستان شاہینز کے شیڈول کے مطابق 4اگست کو بمقابلہ ناردن ٹیریٹری پچاس اوورز، 6 اگست بمقابلہ بنگلہ دیش اے پچاس اوورز ، 10اگست بمقابلہ پرتھ اسکارچرز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی، 11اگست بمقابلہ میلبرن اسٹارز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 13اگست بمقابلہ تسمانی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 15 اگست بمقابلہ میلبرن رینیگیڈز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 16 اگست بمقابلہ بنگلہ دیش اے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 17 اگست بمقابلہ اے سی ٹی کامیٹس ٹاپ اینڈ ٹوئنٹ اور 18 اگست کو فائنل میچ ہوگا ۔