پاکستان میں بروقت عام انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد ،سیاسی واقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے، سپیکر چوہدری لطیف اکبر

57

مظفرآباد۔25ستمبر (اے پی پی):سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بروقت صاف شفاف،غیر جانبدارعام انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد ،سیاسی اقتصادی ترقی،سیاسی استحکام کے لیے ناگزیر ہے، 9مئی کے سانحہ میں ملوث کرداروں کو قرار واقعی سزا کے بغیر چھوڑ دیا گیاتوقومی وقار،ملکی مفاد کی دھجیاں بکھیرنے کا لائسنس جاری کرنے کے مترادف فیصلہ ہوگا، کسی پاکستانی شہری سے ناانصافی بھی نہیں ہونی چاہیے مگر قانون شکن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانا بھی از بس لازم ہے۔

وہ گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام جمہوری سیاسی قوتوں سے پہلے چاروں صوبوں میں عام انتخابات کے لیے پارلیمانی بورڈ قائم کر کے معتبر انداز سیاست کا مظاہرہ کیا ہے، چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کے امیدواران شاندار فتح حاصل کریں گے اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ملک کے وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کریں گے،

پاکستان میں مقیم 15لاکھ کشمیری عوام پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کرے گی کیونکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا اور اس پر دو ٹوک کشمیر پالیسی تشکیل دی۔

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کے خطاب کو تاریخی حقائق کے مطابق قومی خواہشات اور بھارتی جبرواستبداد کو آئینہ دکھانے کی بہترین حکمت عملی سے تعبیر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔چوہدری لطیف اکبر نے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام سیاسی قیادت کو مل کر ملک کو در پیش اندرونی بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے از سر نو برداشت،بالغ نظری اور دور اندیشی کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔

چوہدری لطیف اکبر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دھمکیوں کو مجذوب کی بڑ اور دیوانے کا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے گھرمیں درجنوں علیحدگی کی تحریکیں پالنے والا بنیاد پرست ملک کلمہ گوقوم کا اور ان کی بہادر افواج پاکستان کا خاک مقابلہ کرے گا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے قوم اور فوج کے درمیان باہمی اعتماد سازی کو پروان چڑھا کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی،انتہا پسندی لاقانونیت کے خاتمے میں آپریشن راہ نجات ،آپریشن ضرب عضب،آپریشن رد الفساد میں فوج اور قوم نے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔