توانائی کی پیداوار میں بہتر کارکردگی کی حامل ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے، پاکستان میں ٹربائن سروسنگ انڈسٹری کا قیام خوش آئند ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹربائن سروسنگ کمپنی کی لانچنگ تقریب سے خطاب

157

کراچی۔18دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ توانائی کی پیداوار میں بہتر کارکردگی کی حامل موثر اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے، پاکستان میں ٹربائن سروسنگ کی ایک نئی سروس انڈسٹری وجود پذیر ہو رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، اس صنعت کے پاکستان میں آنے سے بجلی کی نہ صرف پیداوری صلاحیت بڑھے گی بلکہ ٹربائن موثر انداز میں بجلی پیدا کریں گے اور ایندھن کی کھپت میں بھی کمی آئے گی۔

ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک نجی ٹربائن سروسنگ کمپنی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں ٹربائن کی سروس انڈسٹری کا قیام خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دِیگر ممالک کو بھی سروسنگ کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے بحران کے دوران بجلی کی قلت پوری کرنے کیلئے جلد بازی میں معاہدے کئے گئے، منصوبہ بندی کے بغیر کئے گئے معاہدوں سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور پاکستان کو بجلی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی، پاکستان جیسے ممالک منصوبہ بندی کے بغیر کئے گئے فیصلوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں معاشی حب بننے کا خواہشمند ہے اور اپنی نوجوان آبادی کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبے میں بتدریج استعمال میں لارہا ہے، دنیا میں ڈیٹا کی مقدار میں اضافہ ہورہاہے اِس ڈیٹا سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہنرمند افرادی قوت اور اِنسانی وسائل بہت ضروری ہیں، عوام کو تعلیم کی فراہمی کے بغیر ملک میں انڈسٹری بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں جدت اور ترقی ناممکن ہوگی، حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کی طرف توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اِنسانی سرگرمیوں کا ماحول پر گہرا اثر پڑا اور عالمی فٹ پرنٹ نے زمین کے ماحول پر شدید اثرات مرتب کئے، پاکستان سے کئی گنا چھوٹا ملک ہالینڈ زرعی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کے چند بڑے ممالک میں شامل ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے اور پاکستان اِس سلسلے میں ہالینڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

تقریب سے ٹربائن بنانے والی کمپنی کے چیئرمین ایلیکس پیلن، ایم ڈی ہمایوں زبیر، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ملک میں سروس انڈسٹری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ٹربائن بنانے والی غیر ملکی کمپنی کے آپریشن اور اہمیت پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔