پاکستان نے فلسطینی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں بھرپور آواز اٹھائی ہے، فلسینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بابر اعوان

71
پاکستان نے فلسطینی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں بھرپور آواز اٹھائی ہے، فلسینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بابر اعوان

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے فلسطینی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں بھرپور آواز اٹھائی ہے، فلسینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا اسرائیل کے بارے میں پاکستان کے موقف میں تبدیلی کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں فلسطین کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت سمجھتے ہیں، حکومت پاکستان نے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی ہے اور اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے،

وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس سلسلے میں کھل کر اپنا موقف بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی وکالت اور حمایت جاری رکھیں گے، فلسطینی پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پاکستان نے بھی انہیں مایوس نہیں کیا،

اسرائیلی مظالم کے خلاف ہم اکٹھے ہیں اور اب اسرائیلی مظالم دنیا سے چھپ نہیں سکتے، پاکستان کی خارجہ پالیسی بالکل آزادانہ ہے اور ہمیں اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا کوئی نہیں کہہ سکتا۔