پاکستان پوسٹ کے تمام دفاتر کو اپ گریڈ اورصارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں،وفاقی وزیر مواصلات

124

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان پوسٹ کے تمام دفاتر کو اپ گریڈ کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، پاکستان پوسٹ کا ریونیو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان پوسٹ جنوبی پنجاب کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

یہ اجلاس جمعہ کو ملتان میں منعقد ہوا جس میں پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب شاہد جاوید سمیت 13 اضلاع کے پوسٹ ماسٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب شاہد جاوید نے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے محکمہ ڈاک کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے تمام دفاتر کو اپ گریڈ کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا ریونیو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس میں خالی آسامیوں پر بھی بھرتی کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا، جس سے نہ صرف کام مزید آسان ہوجائے گا بلکہ لوگوں کو بھی ڈاک کی تیز سہولیات میسر آئیں گی۔