پاکستان پہلی مرتبہ ”اوور اوشن کانفرنس“ میں شرکت کرے گا، کانفرنس رواں سال 15ستمبر کو واشنگٹن میں ہوگی، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد

142

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ ”اوور اوشن کانفرنس“ میں شرکت کرے گا، یہ کانفرنس رواں سال 15ستمبر کو واشنگٹن میں ہو گی۔ امریکی وزیر خارجہ سینیٹر جان کیری نے ایک خط کے ذریعے پاکستان کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جمعہ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری ایک بیان کے مطابق کانفرنس میں پائیدار ماہی گیری، سمندری آلودگی اور سمندروں میں موسمی اثرات پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے اس حوالے سے مختلف محکموں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں کانفرنس میں پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر آصف انعام نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے بھرپور اور فعال شرکت کرنی چاہیے۔