اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):پاکستان نے شام میں زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام شام میں آنے والے یکے بعد دیگرے دو زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پر انتہائی غمزدہ اور صدمے میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ پاکستان غم کی اس گھڑی میں اپنے شامی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔