اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان اتحاد رواداری ،بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دے گا۔
منگل کو سپیکر ہائوس میں اقلیتی برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، آئین تمام شہریوں کو بلا امتیاز رنگ و نسل مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔ حکومت کے شانہ بشانہ پارلیمنٹ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ملک کی مجموعی ترقی بالخصوص تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات کو سراہا۔
سپیکر نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ میں اقلیتوں کے کردار کو بھی سراہا۔وفد میں چرچ آف انگلینڈ لیورپول ڈائوسیز کے رہنما روخ یوسف بھنڈر، پاکستان میں کرسچن لائرز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف نعمت، امپلیمین ٹیشن مینارٹی رائٹس فورم کے چیئرمین سیموئیل مکسن اور سیموئل پیارا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر نے وفد پر زور دیا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں ان کے لیے مساوی مواقع پیدا کرنے میں ریاست کی تاریخی کامیابیوں کو اجاگر کریں۔سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک مکمل ترقی نہیں کر سکتا جب تک کہ وہ اپنے تمام شہریوں کی ضروریات کو پورا نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ہمارے پڑوسی ملک میں اقلیتوں کے مقابلے میں ریاست سے کافی مطمئن ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=337224