شرم الشیخ۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے دنیا کوچونکا دیا ہے اور ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کو دوبارہ دنیا کے اہم ایجنڈے پر لا کر بحث کا آغازکر دیا گیاہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے میڈیا ، لوکل گورنمنٹ ، تعلیمی نظام اور کمیونٹی سسٹم کے تحت آگاہی مہم چلائیں گے۔ایک غیرملکی نشریاتی ادارے کو بدھ کے روز انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں کوپ27 کانفرنس کے موقع پر شرکاء نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اوراظہاریکجہتی کیا ۔
کانفرنس میں شرکاء نے عالمی سطح پرایسے فنڈ قائم کرنے پر زور دیا ہے جن سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیت کو برو کار لانے میں مدد ملے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا یہاں آنے کا مقصد حالیہ سیلاب سے پاکستان کو ہونے والے نقصانات کواجاگر کرنا تھا اور یہ بھی بتانا تھا کہ ہمارے پاس بحالی ، آبادکاری اور تعمیرنو کا منصوبہ موجود ہے ۔
احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت کے پاس ایک دس سالہ منصوبہ ہے جسے ڈونر کانفرنس سے پہلے پبلک بھی کیا جاے گا جس کے تحت پاکستان کو مستقبل میں آفات سے بچانے کے لئے انفراسٹرکچر ، کمیونٹی سسٹم اور ادارجاتی صلاحیت میں تبدیلی لائیں گے اور ڈویلپمنٹ کریں گے جس سے نقصان کم سےکم ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ امداد کی ترسیل میں شفافیت کو مد نظر رکھتے ہوے وزیر اعظم شہباز شریف نےسیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے ڈیش بورڈ بنوایا تھا جسے عوام کے سامنے پیش کیا ۔ اسی طرح شفافیت کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروا رہےہیں جو آئندہ بھی ہوا کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب آدھے سے زیادہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا اس وقت عمران خان کو سیاسی جلسوں کی بجاے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے تھا اور حکومت کے ساتھ غریبوں کی مدد کے لئے میدان میں آنا چاہئے تھا لیکن افسوس ہے کہ عمران خان نے ایسا نہیں کیا-