27.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، ان کی اخلاقی،...

پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کا جلسہ سے خطاب

- Advertisement -

مظفرآباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے بھارت کی جانب سے پہلگام کے خود ساختہ واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دورے کا مقصد یہاں کہ عوام کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔یہاں جاری بیان کے مطابق وہ مظفر آباد میں یکجہتی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف اور پوری پاکستانی قوم قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے۔بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر کے بھائیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں کہ بھارت کے 77 سالوں سے مظالم کے باوجود ان کا آزادی کا جذبہ کم نہیں ہوا۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے باوجود کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے۔ پہلگام کا خود ساختہ واقعہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہو، ان سب کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے، کلبھوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔ اپنے آپ کو نام نہاد جمہوریت کہنے والا بھارت کا خود ساختہ واقعہ کے پانچ منٹ بعد بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور آبی جارحیت سے ہمیں مرعوب نہیں کر سکتا۔ آج ہندوستان کے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف پوری قوم یکجا ہے۔

- Advertisement -

ملکی سلامتی اور کشمیر کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔قائد پاکستان نواز شریف نے جس طرح ملک کو ایٹمی طاقت بنایا انشاء اللہ اسی طرح آج بھی مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت آپ کو شکست دے گی۔ مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ وزیر امور کشمیرنے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ مشتاق منہاس، مسلم لیگ آزاد کشمیر کے قائدین، کارکنان، خواتین عہدیداران کا یکجہتی کشمیر کے کامیاب جلسے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نےوزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان کا اس مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کرنے لائن آف کنٹرول کے علاقے آمد پر شکریہ اداکرتے ہوئے یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو ہمارا پیغام دینا چاہتا ہوں وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف آف آرمی سٹاف کی پشت پر کھڑی ہے۔ بھارتی افواج سے پاکستانی عوام نے کشمیر آزاد کرایا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام دفاعی لائن پر کھڑے ہوں گے۔

وہ مالی منفعت پر نہیں بلکہ اپنے نظریے کی خاطر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نیلم اور لیپہ ویلی کے بہادر عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اگر کشمیریوں کو حق نہیں ملتا تو ہم اپنی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔آزاد کشمیر کے لائن آف کنٹرول کا ایک ایک بچہ اپنی افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

میزبان جلسہ سابق وزیر حکومت و سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو پوری قوم افواج پاکستان کے آگے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرے گی۔ بھارت ہمیشہ کی طرح مسئلہ کشمیر کو سبوتاژ کرنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم ایک آواز بن کر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کا انتہائی مختصر کال پر شاندار جلسے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ یکجہتی کشمیر جلسے سے نائب صدر مسلم لیگ ن ڈاکٹر نجیب نقی، سابق وزیر حکومت نورین عارف، سیکرٹری مالیات مسلم لیگ ن ڈاکٹر مصطفی بشیر، مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس سے پہلےوزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفرون انجینئر امیر مقام کا آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچنے پر سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مشتاق منہاس، سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت نے روانی کے مقام پر وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان کا روانی آمد پر استقبال کیا۔ یکجہتی کشمیر جلسے میں پہنچنے پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے پارٹی ترانوں کی گونج میں پرتپاک استقبال کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589605

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں