اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے سمندری خوراک کی برآمدات کی سالانہ رپورٹ کا اعلان کر دیا۔ پاکستانی سمندری خوراک کی برآمدات 20.5 فیصد اضافے سے 489.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ پیر کو وزارت بحری امور سے جاری رپورٹ کے مطابق چین اور تھائی لینڈ پاکستانی سمندری خوراک کے سب سے بڑے خریدار ممالک بن گئے۔
سالانہ رپورٹ کے حوالہ سے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ مؤثر پالیسی اور ضابطہ کاری کا نتیجہ ہے، فش میل، جھینگے، کیکڑے، میکریل اور جیلی فش اہم برآمدی اشیاء میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار اقدامات کے مثبت اثرات ظاہر ہونے لگے، پاکستان عالمی سمندری خوراک مارکیٹ میں تیزی سے جگہ بنا رہا ہے،
نئی عالمی منڈیوں کی تلاش اور برآمدی ڈھانچے کی بہتری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ضوابط، مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن نظام نے برآمدات کو فروغ دیا، سمندری خوراک کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کی پالیسی کامیاب رہی، برآمدات کے فروغ کے لئے نجی شعبے کے ساتھ روابط بڑھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمندری مصنوعات بین الاقوامی خریداروں کے لئے پرکشش بن رہی ہیں۔