پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز وفد نے دورہ ملائیشیا میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی

196

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):پاکستان کے فوڈ ایکسپورٹرز وفد نے جو ملائیشیا کے دو ہفتے کے دورے پر ہے ملائیشین بزنس کمیونٹی کے مثبت ردعمل کی وجہ سے اپنے قیام میں مزید دوسری بار ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تجارتی معاہدوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق کوالالمپور سے جمعہ کو یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق پاکستانی وفد کے رہنما سیف الرحمان نے کہا کہ وفد کے ارکان نے پاکستان کی متنوع اور اعلی معیار کی غذائی مصنوعات خاص طور پر نمکو کی بہترین اقسام کی یہاں کامیابی سے نمائش کی ہے جنہوں نے ملائیشین بزنس کمیونٹی کو اپنی طرف بہت زیادہ راغب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی غذائی مصنوعات تمام بین الاقوامی معیارات پر پوری اترتی اور ذائقے میں بھی شاندار ہیں، ہم مارکیٹ کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا کر اور باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دے کر برآمدات کے حجم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے ملائیشیا کی فوڈ مارکیٹ میں اپنے قدم مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، دورے کے دوران وفد نے بزنس ٹو بزنس میٹنگز اور مصنوعات کی نمائشوں میں شرکت کی جن میں پراسیسڈ فوڈز میں پاکستان کے پوٹینشل کو اجاگر کیا گیا۔ سیف الرحمان نے کہا کہ ملائیشیا کے اسٹیک ہولڈرز کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزا رہا ہے اور انہوں نے طویل مدتی شراکت داریوں میں نمایاں دلچسپی ظاہر کی ہے۔