پاکستانی کیوئسٹ ایشین اسنوکر، 6 ریڈز چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے

176

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ریاض، سعودی عرب میں 26 جون سے 5 جولائی تک منعقد ہونے والی ایشین ٹیم مینز اینڈ انڈر 21 سنوکر، 6 ریڈز چیمپئن شپ 2024 میں پانچ پاکستانی کیوئسٹ حصہ لیں گے۔پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں میں اسجد اقبال (ایشین ٹیم اور 6 ریڈز چیمپئن شپ)، اویس اللہ منیر (ایشین ٹیم اور 6 ریڈز چیمپئن شپ)، احسن رمضان (ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ)، محمد حسنین اختر (ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ) اور محمد حمزہ الیاس (ایشین چیمپئن شپ) میں حصہ لیں گے۔نوید کپاڈیہ ٹیم کے ساتھ بطور ریفری/ٹیم منیجر ہوں گے۔

پاکستان سنوکر ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 20 سے 25 جون تک این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کو امید ہے کہ کھلاڑی تمام چیمپئن شپ میں ملک کا نام روشن کریں گے۔ پی بی ایس اے پاسپورٹوں کا انتظار کر رہا ہےجو ویزہ کے عمل کے لیے سعودی سفارت خانے،کراچی میں جمع کئے ہیں ٹیم کے کھلاڑی بدھ (26 جون) کو کراچی سے ریاض کے لیے روانہ ہوں گے۔