پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 255 سرکاری سکولوں کو آوٹ سورس کیا جا رہا ہے، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن

122
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 255 سرکاری سکولوں کو آوٹ سورس کیا جا رہا ہے، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 255 سرکاری سکولوں کو آوٹ سورس کیا جا رہا ہے، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن

سیالکوٹ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) شاہد فرید نے کہا ہے کہ یپف پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 255 سرکاری سکولوں کو آوٹ سورس کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد آؤٹ آف سکول بچوں کو سکول میں داخل کروا کر انہیں مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے،

پیف صوبہ پنجاب میں 7 ہزار سےزیادہ پارٹنر سکولوں میں 26 لاکھ طلبا و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کے ہمراہ پیف کے ذریعے آؤٹ سورس کئے جانے والے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول ہری پور سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر مقامی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈی نے کہا کہ اس وقت صوبہ پنجاب میں 96 لاکھ بچے سکو لوں سے باہر ہیں جن کو سکولوں میں لانے کیلئے پیف ماڈل پر کام کا آغاز کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیف کے تحت آؤٹ سورس سکولوں میں بچوں کی فیس کی مد میں فی بچہ 825 سے بڑھا کر 1860 روپے کر دی ہے جس میں اضافہ 9 سال بعد ہوا ہے اور اب پیف سے منسلک پارٹنر سکولوں کے آپریٹرز پہلے سے بہت بہتر انداز میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر سکیں گے اور اپنے ٹیچرز کو مناسب تنخواہیں بھی دے پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیف اور اس سے منسلک سکولوں میں زیر تعلیم بچے سرکار کے ہی بچے ہیں ان کی مانیٹرنگ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ذمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیف ایسا ماڈل ہے جو کم خرچ میں بہترین نتائج فراہم کر رہا ہے اور اس کا جائزہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور سابق سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر ان کی ٹیم کو شکریہ ادا کیا جنھوں نے پالیسی کے مطابق تمام سکولوں کو آوٹ سورس کرنے میں پیف کا ساتھ دیا۔