پرائز بانڈز کا تبادلہ/کیش کرانے کی تاریخ میں 30جون تک توسیع

45

کراچی۔16جنوری (اے پی پی):پرائز بانڈز کا تبادلہ/کیش کرانے کی تاریخ میں 30جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ مرکزی بینک سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500روپے، 15,000روپے، 25,000 روپے اور 40,000روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ/کیش کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے 30جون 2022 کی تاریخ مقرر کی تھی (تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے)انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ہے ۔

مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے کے لیے مختلف آپشنز دئے گئے ہیں جن میں ظاہری مالیت پر کیش کرانا،ان بانڈز کی25,000روپے اور /یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی، اور انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا شامل ہیں۔ ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30جون 2023 سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گااور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔