پریمیئر لیگ، مانچسٹر سٹی اور آرسنل نے اپنے میچز جیت لئے

171
پریمیئر لیگ، مانچسٹر سٹی اور آرسنل نے اپنے میچز جیت لئے

لندن۔23جنوری (اے پی پی): دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور آرسنل نے انگلش پریمیئر لیگ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔ مانچسٹر سٹی نے وولور ہیمپٹن وانڈررز اور آرسنل نے مانچسٹر یونائیٹڈکو ہرا دیا۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔ اتحاد سٹیڈیم ، مانچسٹر میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نےشاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف وولور ہیمپٹن وانڈررز کو باآسانی 0-3 گول سے ہرا دیا۔

میچ کی اہم بات یہ ہے کہ ایرلنگ ہالینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ہیٹرک سکور کی بلکہ اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ایمرٹس سٹیڈیم ، لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دلچسپ مقابلے کے بعد آرسنل نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

ایڈی نکتیاہ نے دو اور بکائیو ساکا نے ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم آرسنل کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے مارکس راشفورڈ اور لیزانڈرو مارٹینز نے ایک ، ایک گول کیا۔ ان فتوحات کے بعد آرسنل کی ٹیم 50 پوائنٹس کے ساتھ ای پی ایل ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر بدستور سر فہرست ہے جبکہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔