پشاور سمیت صوبہ بھر آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

160
Eid-ul-Fitr is being celebrated
Eid-ul-Fitr is being celebrated

پشاور۔ 10 اپریل (اے پی پی):ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے پشاور میں نماز عیدالفطر مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، چیف خطب خیبر پختونخوا مولانا طیب قریشی نے نمازِ عید پڑھائی۔شہر کی دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سب نے خوشی کے پرمسرت موقع پر ملک کی ترقی، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

جس کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کی۔عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں عیدالفطر کی نماز ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر خوشی کا اظہار کیا ہنگو، مردان، کوہاٹ، ٹانک، ہری پور، جمرود، کاٹلنگ، صوابی، نوشہرہ، رستم، سوات، لوئر دیر اور پاراچنار سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کر دی گئی۔

ضلع ہنگو میں مرکزی عید گاہ سمیت 100 سے زائد مقامات پر عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، ضلع مردان میں بھی شہریوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر لوگوں بالخصوص بچوں نے خوشی کا بھرپور اظہار کیا اور عیدی بھی وصول کی۔ضلع مردان میں تمام مساجد مدارس اور عیدگاہوں میں ملک کی سلامتی کے ساتھ ساتھ فلسطین کیلئے حصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ضلع کوہاٹ بھر میں تمام چھوٹی بڑی عید گاہوں اور مساجد میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ اس دوران سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ او ٹی ایس روڈ میں منعقد ہوا ۔ضلع کی تمام مساجد میں ملکی سلامتی سمیت فلسطینی عوام کیلئے بھی خصوصی دعائیہں کی گئیں۔

ضلع ٹانک میں سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ میں منعقد ہوا. اس اجتماع میں ایم پی اے عثمان خان بیٹنی کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ضلع ہری پور میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے ۔ نماز عید کے علاوہ دیگر تقریبا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لوگ ایک دوسرے سے مل کر مبارکبادیں دے رہے ہیں۔ضلع ہری پور میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے بھی نماز عیدالفطر اپنے آبائی علاقہ ریحانہ میں ادا کی ۔

اس موقع پر وزیر بلدیات ارشد ایوب خان اور ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختوانخوا اکبر ایوب خان، سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے بھی نماز عید ادا کی۔ضلع جمرود میں عید الفطر کی نماز کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ،یاد رہے کہ ضلع خیبر میں عید الفطر کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ ٹیڈی بازار میں منعقد ہوا۔ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں بھی عیدالفطر کی نماز کا خصوصی اہتمام تمام چھوٹی بڑی عیدگاہوں و مساجد میں کیا گیا تھا۔اس دوران سب سے بڑا اجتماع جمال گڑھی عید گاہ میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

نماز عید کے بعد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سمیت فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاٸیں مانگی گئیں۔یاد رہے کہ اس موقع پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے لاکھوں روپے کا چندہ بھی اکٹھا کیا گیا۔ضلع صوابی، نوشہرہ میں بھی خصوصی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی سمیت فلسطینی عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ضلع سوات میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس دوران ضلع بھر کی تمام مساجد میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص فلسطینی مسلمانوں کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

ضلع بھی میں عید کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے علاوہ سیاحوں کی متوقع آمد کے لئے خصوصی ٹریفک پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔ضلع لوئر دیر کی 158 مساجد اور 40 عید گاہوں میں سینکڑوں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر امت مسلمہ خصوصا غزہ کی مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ضلع لوئر دیر میں عید کے موقع پر ایک ہزار پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جن میں 50 ٹریفک اہلکار خصوصی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔سیکوڑٹی کے حوالے سے ضلع بھر میں ون ویلنگ، لاؤڈ سپیکر کے استعمال اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کے تدارک کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ضلع کرم کے وسطی شہر پاراچنار میں بھی نماز عیدالفطر ادا کر دی گئی۔ اس دوران سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ پاراچنار میں ہوا ۔ اس موقع پر ہزاروں لوگوں نے مرکزی عید گاہ میں علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں نماز ادا کی۔