پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ حکومت پنجاب کا ایک بہترین تحفہ ہے، محمد عثمان ڈار

77
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

سیالکوٹ ۔26نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ سیالکوٹ اور ساہیوال عوام کے لئے حکومت پنجاب کا ایک بہترین تحفہ ہے۔ 40 ارب کا یہ پراجیکٹ پنجاب حکومت نےایشیائی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے شروع کیا۔جس میں 32 ارب اے ڈی بی اور 8 ارب حکومت پنجاب کا حصہ ہے۔ سیالکوٹ اور ساہیوال شہر میں پہلےواٹر سپلائی اور سینیٹیشن کا ماسٹر پلان بنایا گیا بعد ازاں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لئے پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں۔ اس منصوبہ پر5۔17 ارب روپے لاگت آئے گی۔ یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین ویڑن کے عین مطابق ہے جس سےسیالکوٹ اور ساہیوال پنجاب کے جدید شہر کے طور پرابھرے گا۔انہوں نے یہ بات پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت واٹر اینڈ سینیٹیشن کے 8 ارب کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار ،صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھے۔ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ تحت سیالکوٹ کے سیوریج سسٹم میں بہتری کے منصوبہ پر 289۔ 5 ارب روپے لاگت آئے گی جس کے تحت 72 کلومیٹر نئے ٹرنک سیور ڈالے جائیں گےاور پانچ موجودہ پمپنگ اسٹیشنز کی بجائے ایک مرکزی پمپنگ اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا جس سے 15 فیصد توانائی کی بچت ہوگی اس کے علاوہ 8 موجودہ فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیاجائے گا۔ یہ منصوبہ تقریباً دو سال میں مکمل ہو جائے گا جس سے 875000 افراد مستفید ہوں گے۔ جبکہ واٹرسپلائی پراجیکٹ پر 148۔1 ارب روپے لاگت آئے گی اس پراجیکٹ کے تحت ٹوٹی پھوٹی آلودہ لائن کو زیر زمین 260 کلومیٹر نئی پائپ لائن سے تبدیل کر دیا جائےگا۔ 15 نئے ٹیوب ویلز ، 7 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس اور 5 نئے واٹر ریزروائر تعمیر کئے جائیں گے۔ اس منصوبہ سے تقریباً 322،000 افراد مستفید ہوں گے۔ یہ پراجیکٹ تقریبا ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا۔ نیز ساہیوال میں واٹر سپلائی منصوبہ 059۔2ارب روپے کا ہے اس پراجیکٹ کے تحت ٹوٹی پھوٹی آلودہ لائن کو زیر زمین 547 کلومیٹر نئی پائپ لائن سے تبدیل کر دیا جائےگا۔ 28 نئے ٹیوب ویلز ، 10 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس اور 4 نئے واٹر ریزروائر تعمیر کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 45 موجودہ ٹیوب ویلز، 20 فلٹریشن پلانٹس اور 7 واٹر ریزروائرز کی بحالی کا کام بھی کیا جائے گا اس منصوبہ سے تقریبا 554،000 افراد مستفید ہوں گے۔ یہ پراجیکٹ تقریباً ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں شفاف بڈنگ کے تحت 890 ملین روپے کی بچت کی گئی ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سقراط امان رانا نے بتایا کہ رواں ماہ نومبر میں شہر کی سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور واٹر سپلائی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو جائے گاسیالکوٹ کو سا لڈ ویسٹ مشینری جس میں 24 منی ٹپرز، 15 موبائل ڈی واٹرنگ سسٹم، 8 چین آرم رول ٹرک اور30 کنٹینر اور ایک ویل ایکسکیویٹر فراہم کئے جا چکے ہیں۔ جب کہ ساہیوال کو 12 منی ٹپرز اور 7 چین آرم رول ٹرک فراہم کئے جا چکے ہیں۔ اس مشینری کے لئے پارکنگ شیڈز بھی بنائے جا رہے ہیں۔ بقیہ مشینری بھی جلد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پراجیکٹ کی کل لاگت 908 ملین روپے ہے۔جبکہ سیالکوٹ کے چار اور ساہیوال کے 3پارکس میں تعمیراتی کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جنہیں مارچ 2021 تک عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ پر 462 ملین روپے لاگت آئی ہے۔