لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات، پی ایچ ایز و سیاحت حسان خاور نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی نظام کا سندھ کے حالیہ اعلان کردہ بلدیاتی سسٹم سے موازنہ کیا جائے تو آشکار ہوگا کہ جمہوریت، بلدیاتی نظام اور اداروں کی خودمختاری اور مضبوطی کا اصل علمبردار کون ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی قوانین میں واضح فرق ہے،پنجاب کا بلدیاتی نظام انکلوسو نظام ہوگا جس میں خواتین اور معذوروں کو بھی انتخاب میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں مختلف جگہوں پر بلدیاتی نظام پر قانون سازی ہو رہی ہے جس کے موازنے سے معلوم ہوتا ہے کہ جمہوریت کے ساتھ کون کھڑا ہے کون نہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ محض کراچی کی بجائے پورے صوبے پر فوکس کریں کیونکہ اب تبدیلی کا وقت ہے، یہ تبدیلی اسی کو راس آئے گی جو ٹھیک سے ڈیلیور کرے گا۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ پنجاب کا لوکل گورنمنٹ سسٹم منظم اور مثالی نظام ہوگا جس میں عوام کے مسائل صحیح معنوں میں ان کی دہلیز پر حل ہوں گے اور انہیں درخواستیں لے کر دربدر نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون پنجاب کا تاریخی قانون ثابت ہوگا جس میں بننے والی اتھارٹیز مکمل طور پر بااختیار ہوں گی اور اپنے فیصلے خود کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کا نفاذ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا بہت بڑا کام ہے جس میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی نمائندے براہ راست منتخب ہوں گے،پنجاب کی تاریخ میں اتنا پاور فل نظام پہلے کبھی نہیں آیا۔
حسان خاور نے اس موقع پر پنجاب کی عوام کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر صوبے بھی پنجاب کے بلدیاتی قانون کو اپنائیں گے تاکہ یہ نظام تشکیل دینے کا مقصد صحیح معنوں میں پورا ہوسکے۔دریں اثنا حسان خاور سے سیکرٹری سیاحت اسد اللہ فیض نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد اللہ فیض نے حسان خاور کو پی ایچ ایز اور سیاحت کا اضافی چارج ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ سیکرٹری سیاحت نے حسان خاور کو محکمہ سیاحت کے پراجیکٹس اور ورکنگ بارے آگاہ کیا۔
حسان خاور نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹورسٹ انفارمیشن سنٹرز کو مزید موثر کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی کاوشوں کو تیز تر کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں کوٹلی ستیاں کو نیا ٹورسٹ زون ڈکلیئر کیا جا رہا ہے جبکہ کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، مری روڈ ٹورسٹ روڈ قرار دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورسٹ روڈ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں سیاحوں کیلئے کم سفر بابت آسانی کا باعث بنے گی۔