پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کو آئسولیشن میں رکھنے کے لئے پنجاب کے مختلف علاقوں کے ہسپتالوں میں 300 تا 1000 بستروں کے ہسپتال قائم کئے ہیں، مسرت جمشید چیمہ

70

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) حکومت پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کو آئسولیشن میں رکھنے کے لئے پنجاب کے مختلف علاقوں کے ہسپتالوں میں 300 تا 1000 بستروں کے ہسپتال قائم کئے ہیں ،جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ٹیچنگ ہسپتال کورونا وائرس کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لئے دستیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ایران سے واپس آنے والے زائرین کی سہولت کے لئے ایک ہزار بستروں کا فیلڈ ہسپتال قائم کرے گی ۔انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور مہلک وائرس کے خاتمہ کے لئے حکومتی کوششوں میں تعاون کرے ۔دریں اثناءپاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے مہلک انفیکشن پر جامع طور کنٹرول کے لئے بین الا قوامی فلائٹس آپریشن عارضی طور پر معطل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرین سروس بھی غیر فعال کی جانی چاہیے تاکہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حکومتی کوششیں مطلوبہ نتائج لا سکیں ۔