پنجاب حکومت کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات روکنے میں کوئی عمل دخل نہیں، عظمی بخاری

94
پنجاب میں پہلی مرتبہ عید الاضحیٰ پر سبز مصالحہ جات سستے داموں فروخت ہورہے ہیں، عظمی بخاری

لاہور۔18اپریل (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا بانی پی ٹی آئی سے کسی کو ملاقات سے روکنے میں کوئی عمل دخل نہیں، علیمہ خان سے پی ٹی آئی کے لوگوں کو مسئلہ ہے ہمیں نہیں۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سازشی عناصرپراپیگنڈا کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے سے روک رہی ہے حالانکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرنے پر صوبائی حکومت نے کسی کو نہیں روکا۔جیل رولز کے مطابق قیدیوں سے اہلخانہ کی ملاقات جمعرات کو ہوتی ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست ان کی جماعت ہی جیل حکام کو دیتی ہے جس کی رو سے ہفتے میں دودن منگل اور جمعرات کو ملاقات کرنے کا شیڈول ہوتا ہے ،پنجاب حکومت کا کسی کو ملاقات سے روکنے میں کوئی عمل دخل نہیں،خود ہی ملاقاتیوں کی فہرست سے ایک دوسرے کے نام نکالتے ہیں اور پھر ملبہ حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آ ئی اپنی جماعت کی اور آپس کی لڑائیاں سڑکوں پر مت لڑے بلکہ مل بیٹھ کر معاملات کو سلجھانا چاہیے ۔بانی پی ٹی آ ئی کی بہن علیمہ خان سے تحریک انصاف کے لوگوں کو مسئلہ ہے ہمیں یا ہماری پارٹی قیادت کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے لوگ ہفتہ وار فرمائشی گرفتاریاں اور فوٹو سیشن اڈیالہ جیل کے باہر کرنے کی بجائے کہیں اور کرلیا کریں کیونکہ وہ خود ہی پولیس کی وین میں بیٹھتے ہیں اور پھر اگلے چوک میں اتر جاتے ہیں، ایسا کرنے سے وہ عوام کی توجہ حاصل کرنے میں ہر گز کامیاب نہیں ہوں گے ۔

عظمی بخاری نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اب جاگ چکی اور اسے معلوم ہوچکا ہے کہ کون سی سیاسی جماعت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والی ہے اور کون سی اسے نقصان پہنچانے والی ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کر دیا ہے ۔