پنجاب سے کینیڈا کو افرادی قوت بھیجنے کیلئے ایم او یو پر دستخط ہو گئے ۔ترجمان

124

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):پنجاب سے کینیڈا کو افرادی قوت بھیجنے کیلئے ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔کینیڈا کے شہر وینکوور میں حکومت پنجاب اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے مابین افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر صوبائی وزیر ایس ایم تنویر اور بشرٰی رحمان نے دستخط کیے۔ ترجمان کے مطابق ایم او یو پردستخط کی تقریب وینکوور میں کنیڈین قونصل خانے میں منعقد ہوئی۔

قونصل جنرل جانباز خان نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے وینکوور میں موجودوزارتی وفد کو اپنے خصوصی پیغام میں مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب سے کینیڈا افرادی قوت بھجوانے کا ایم او یو معاشی ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہے۔پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی پنجاب سے کنیڈین صوبوں برٹش کولمبیا اور البرٹوکے لئے لیبر بھجوانے کی درخواست کی گئی تھی اورمشترکہ مفاد کے لیے مذہبی اور تعلیمی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کی نگران صوبائی کابینہ افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے چکی ہے۔

صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا کہ یادداشت کا مقصد پنجاب اور کینیڈین صوبوں برٹش کولمبیا اور البرٹا کے مابین معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔ صوبائی وزیر عامیر میر نے کہا کہ قرار داد مفاہمت پر دستخط سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کاتین رکنی وزارتی وفد معاہدے کے لئے کینیڈا کے دورے پر ہے۔ وفد میں وزیر تجارت ایس ایم تنویر، وزیر تعلیم منصور قادر اور وزیر سیاحت عامر میر شامل ہیں۔