فیصل آباد۔ 22 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کی سہولت کیلئے اپناہیلپ لائن نمبر1223 جاری کر دیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ مضر صحت خوراک تیار ہو رہی ہو تو اس کی اطلاع فوری طور پرمذکورہ نمبر پردی جائے تاکہ فوڈ اتھارٹی فوری کاروائی کر کے عوام کی صحت کو بیماریوں سے بچانے کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرسکے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کی طرف سے سروری رفیق دستکاری سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی مرضی پورہ میں خوراک کی اہمیت، افادیت اور مضر صحت خوراک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آبادکی ماہر غذائیت انعم زاہد نے کہا کہ بازاری مشروبات کا استعمال انسانی صحت کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتاہے اور ان کو استعمال کرنے والے شوگر، دل، گردہ، معدہ کے امراض کا شکار ہو کر صحت اور اپنا سرمایہ بھی ضائع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اناج اور دالوں میں موجود فائبر، نظام انہظام کو بہتر بنانے میں قدرتی تحفہ ہیں،فیصل آباد میں خوراک میں بے دریغ ملاوٹ کی جا رہی ہے جس کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے طالبات سے اپیل کی کہ وہ فاسٹ فوڈ سے جتنا ہو سکے پرہیز کریں کیونکہ سادہ خوراک ہی اچھی صحت کی ضامن ہے،بازاری کھانے سوائے چٹخاروں کے اور کچھ نہیں، اگر ان کو بناتے ہوئے کوئی طالبہ دیکھ لے تو شائد وہ زندگی بھر پھر کبھی بازاری کھانوں کا نام ہی نہ لے۔انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں سادہ خوراک استعمال کریں،بازار سے کھانے پینے کی اشیا خریدتے وقت ان کے بند پیکٹوں پر تیاری اور اس کی اختتامی مدت تاریخ کو لازمی چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ اچھی خوراک اچھی شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے اسلئے خواتین کیلئے لازمی ہے کہ اپنے بچوں،بھائیوں اور شوہر کو کسی حالت میں بھی ناشتہ کے بغیر گھر سے نہ نکلنے دیں۔
فوڈ انسپکٹر محمد عاطب اقبال نے کہاکہ شہری کھانا کھانے سے قبل اچھی طرح ہاتھوں کو صاف اور صبح کسی برتن کو بھی بغیر صاف پانی دھوئے استعمال نہ کریں، خوراک چبا چبا کر استعمال کرنے والے متعدی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں، فوڈ اتھارٹی ہر فوڈ تیار کرنے والے کی فوڈ کو چیک کرتی ہے اور جس جگہ بھی کوئی شکایت ملتی ہے فوری کاروائی کر کے نہ صرف اس مضر صحت خوراک کو ضائع بلکہ اسے تیار کرنے والے کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جاتی ہے۔تقریب سے مس فوزیہ،مسز سمیرا افضل، مس عائزہ ندیم، محمد ارشد قاسمی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔