پنجاب فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی ، جانوروں کی آلائشوں سے تیار 120 لیٹرمضر صحت گھی، ٹین سمیت دیگر سامان ضبط ،ملزم گرفتار

134

سیالکوٹ۔2اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیالکوٹ کے علاقے اگوکی میں کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشوں سے تیار 120 لیٹرمضر صحت گھی، ٹین سمیت دیگر سامان ضبط کر کے ملزم گرفتار کر لیے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نےاگوکی میں غیر قانونی فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ ما ر کر تنگ گلیوں میں چھپا جعلساز مافیا بے نقاب کر دیا ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ رہائشی علاقے میں چھپ کر جانوروں کی چربی اور آلائشوں سے گھی تیار کیا جا رہا تھا،سوپ فیکٹریوں کو سپلائی کے نام پر چربی سے تیار گھی کا سپلائی ریکارڈ عدم موجود پایا گیا۔

چربی،آلائشوں سے تیارگھی اور سپلائی کا مکمل ریکارڈ انتہائی لازم ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ قوانین کے خلاف فوڈ اینڈ فیٹ رینڈرنگ لائسنس کے بغیر کام کیا جا رہا تھا،فیٹ رینڈر آئل کا خوراک میں استعمال سنگین جرم ہے،آلائشوں سے تیار گھی صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ صوبہ بھر سے استعمال شدہ اور آلائشوں سے تیار آئل کو ٹھکانے لگانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کروا رہے ہیں ،جعلساز مافیا کے نت نئے حربے ناکام بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔عاصم جاوید نے کہا کہ اپنے ارد گرد موجود جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔