پنجاب کے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کا کام ستمبر میں شروع کر دیا جائے گا، صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ

170

سیالکوٹ۔29جون (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب کے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کا کام ستمبر میں شروع کر دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی ایچ یو بینی سلہریا کے دورہ کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈسٹرکٹ جیل ہسپتال اور لنگڑے والی میں کلینک آن ویلز کا بھی معائنہ کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین ، سابق رکن صوبائی اسمبلی رانا لیاقت علی ، سپرنٹنڈنٹ جیل ملک بابر علی اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عملی کام پر یقین رکھتی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے کے ساتھ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں ۔ انہوں نےکہا کہ کلینک آن ویلز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کا مقصد عوام کو صحت عامہ کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جیل ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملہ کی کمی پوری کرنے، بہتر طبی آلات کی فراہمی ، لیب میں سہولیات کی بہتری اور ادویات کی فراہمی کے لیے وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ جیل ہسپتال میں ویمن میڈیکل آفیسر کی آسامی پر جلد تعیناتی کر دی جائے گی ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین ، سپرنٹنڈنٹ جیل ملک بابر علی اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان احمد نے بریفنگ دی