پچھلے کچھ برسوں میں ذیابیطس کے مرض میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ،سپیکر قومی اسمبلی

125
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ برسوں میں ذیابیطس کے مرض میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے،اس وقت پوری دنیا میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں ہمارا نمبر تیسرا ہے جبکہ مڈل ایسٹ اور افریقہ کے 21ممالک کی فہرست میں ہمارا نمبر دوسرا ہے۔

ذیابیطس سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3کروڑ30لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جو ایک خطر ناک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے فریڈرک بینٹنگ کی جانب سے طب کی دنیا میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسولین کی ایجاد ذیابیطس کے مریضوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض اپنی پیچیدگی کے اعتبار سے دیگر امراض کے مقابلے میں زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے، پاکستان میں بھی ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی روز مرہ معمولات زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اور خوراک میں احتیاط کر کے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔