پہلے مرحلے میں تینوں تحصیلوں کے 06 انفورسمنٹ انسپکٹرز کو پٹرولنگ بائیکس دی گئی ہیں ،ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ

86

سانگلہ ہل۔ 18 فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے ڈی سی آفس میں انفورسمنٹ انسپکٹرز کو بائیکس حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی نے انفورسمنٹ انسپکٹرز میں بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں تینوں تحصیلوں کے 06 انفورسمنٹ انسپکٹرز کو پٹرولنگ بائیکس دی گئی ہیں ،

انفورسمنٹ انسپکٹرز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے ضلع کے تمام شہروں میں پٹرولنگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ سکواڈز کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ مستقل بنیادوں پر یقینی بنانا ہے۔ڈی سی نے انفورسمنٹ انسپکٹرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہر یا قصبہ میں تجاوزات نظر نہ آئے ، روزانہ کی بنیاد پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے ، تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائیں ،کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔