پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن شروع، جدہ سے دو پروازیں وطن واپس پہنچ گئیں

86
آپریشنل وجوہات

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پی آئی اے نے حجاج کرام کی وطن واپسی کے لئے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا ، حجاج کرام کو وطن واپس لانے والی پی آئی اے کی پہلی اور دوسری پرواز جمعرات کو علی الصبح وطن واپس پہنچ گئی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پہلی پرواز پی کے۔732 جمعرات کو علی الصبح ایک بجے جدہ سے کراچی اور دوسری پرواز پی کی۔739 جدہ سے لاہور صبح 2 بجے پہنچ گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور جمعرات 14جولائی کو پی ائی اے کی5 پروازیں جدہ سے کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد اور پشاور پہنچ رہی ہیں، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 154پروازوں پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے28 ہزار80 حجاج وطن واپس آئیں گے، ان حجاج کرام میں 17ہزار 200 حجاج سرکاری سکیم اور 10 ہزار8 سو80 حجاج پرائیوٹ سکیم کے شامل ہیں۔ پی آئی اے کا حج آپریشن13 اگست تک جاری رہے گا۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ وفاقی وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے سٹی چیک ان کا نظام بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت سرکاری سکیم والے حجاج کرام ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل ہی بورڈنگ کارڈ حاصل کرلیں گے اور سامان جمع کروا دیں گے۔ اس نظام کے تحت پرواز سے12 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے اور لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔