راولپنڈی ۔7مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی نے اہم میچ میں لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے، پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز بنائے، صائم ایوب نے 68 اور بابر اعظم نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، لاہور قلندرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 172 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، حسین طلعت اور شاہین شاہ آفریدی کی برق رفتار نصف سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آسکیں، وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب کو مرد میدان قرار دیا گیا،
واضح رہے کہ پشاور زلمی کی یہ ٹورنامنٹ میں 7 میچ کھیل کر چوتھی کامیابی ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے، منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، صائم ایوب ، بابر اعظم اور ٹام کوہلر کیڈمور کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے 19.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، صائم ایوب اور بابر اعظم کے مابین 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، نوجوان بیٹر صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 68 رنز کی لاجواب اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، بابر اعظم نے 41 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بائولر رہے انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حارث رئوف ، زمان خان اور راشد خان کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں،
لاہور قلندرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 172 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، 21 کے مجموعی سکور پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد حسین طلعت اور شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو بہتر پوزیشن میں لے آئے، حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 63 اور شاہین شاہ آفریدی نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے تین ، تین جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔