پی ایس ایل فور، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں (کل)آمنے سامنے ہوں گی

65
پی ایس ایل کے 6 ایڈیشنز میں شائقینِ کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے

کراچی ۔ 16 مارچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چوتھا ایڈیشن اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا، فائنل (کل) اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، دونوں ٹیمیں ایونٹ میں مکمل طور پر چھائی رہیں، زلمی نے 10 میں سے 7 فتوحات حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ گلیڈی ایٹرز بھی اتنی ہی کامیابیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ زلمی کو کوالیفائر ون میچ میں کوئٹہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم زلمی نے ایلیمنیٹر ٹو میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جہاں پر اس کا گلیڈی ایٹرز سے جوڑ پڑے گا۔