اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) نئے کاروباری مواقع کی تلاش اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی کیلئے 19 جون سے شروع ہونے والی 6 روزہ الجزائر ایکسپو میں شرکت کرے گی۔
پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے جمعرات کو یہاں سی ای او مارول کیبلز چوہدری ذیشان الٰہی آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چن ون کے ساتھ پی ایف سی بھی اس میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی کیونکہ یہ پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریبا ایک سو سے زائد پاکستانی کمپنیاں اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی جس میں ٹیکسٹائل، گارمنٹس، لیدر گارمنٹس، کھیلوں کے لباس، خواتین اور بچوں کے ملبوسات، فارماسیوٹیکل، سرجیکل اور ڈینٹل آلات، کھیلوں کا سامان انجینئرنگ آلات شامل ہیں۔ یہ ایکسپو ایک سورسنگ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس میں بنیادی اشیا سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج کی نمائش شامل ہوتی ہے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا وغیرہ میں متعدد دیگر بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات متعارف کرا چکے ہیں جن کی عالمی مارکیٹوں میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ امید ہے کہ اس ایکسپو سے غیر ملکی خریداروں سے بڑے آرڈر مل سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بزنس ٹائیکونز کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے دیے گئے بے مثال خصوصی پیکج کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔