پی اے ایف کے اہلکار سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں،پاک فضائیہ

126
پی اے ایف کے اہلکار سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں،پاک فضائیہ

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ نے خیبرپختونخوا ، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل وقف کئے ہیں۔

اتوار کو پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں راشن، ادویات اور ضروری سامان کی ایئر ڈراپ کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے جبکہ پی اے ایف کے اہلکار بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن ائیر مارشل حامد رشید رندھاوا نے حیدرآباد کے قریب پی اے ایف ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔انہوں نے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دور دراز علاقوں میں فوری کارروائیوں اور امدادی کارروائیوں کو جاری رکھنے پر پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی۔

قبل ازیں ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ ائیر وائس مارشل حکیم رضا نے سیدو شریف ڈیٹ کی طرف سے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کی بھی نگرانی کی۔ مقامی لوگوں اور سول انتظامیہ نے پی اے ایف کی امداد اور بحالی کی کوششوں کو سراہا۔

سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,853 خشک راشن بیگز 1,960 پانی کی بوتلیں اور 11,860 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹس تقسیم کیے ہیں۔ مزید برآں پاک فضائیہ کی جانب سے لگائے گئے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں کے ذریعے 3,644 مریضوں کا بھی علاج کیا گیا۔