پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن کے جانبدار ہونے کے تمام بیانات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں ،شہلا رضا

52

حیدرآباد۔21جولائی (اے پی پی):سندھ کی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے والدین پرزور دیا ہے کہ وہ کم عمر بچیوں کے اغوا کے واقعات کو روکنے کے لیے اپنی آوازاٹھائیں تاکہ مظلوم بچیوں کو جبری شادی سے تحفظ فراہم کیاجاسکے ۔

یہ بات انہوں نے ام ہانیہ کے مبینہ اغوا کے کیس کے حوالے سے سیف ہائوس حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے تمام والدین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ محکمہ ترقی نسواں مظلوم والدین کی آوازہے اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں کم عمر بچیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف بلا خوف وخطر اپنی آواز اٹھائیں صوبائی وزیر نے کہا کہ ام ہانیہ کے والدین کے مطابق ان کی بچی ابھی صرف گیارہ سال کی ہے جسے اغوا کرکے ملزم نے جبری شادی کرلی ہے جبکہ اس کی ابھی شادی کی عمر بھی نہیں ہے

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان یونائیٹڈ لیگل الائنس کی جانب سے بچی کی بازیابی کے لیے ہائی کورٹ حیدرآباد میں سیکشن 491 کے تحت درخواست جمع کرائی گئی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ متعلقہ پولیس کوچائلڈ میرج ایکٹ کے تحت کیس داخل کرنا چاہیے تھا لیکن دیکھا گیا ہے کہ پولیس کا کرداراس طرح کے کیسز میں جانبدارانہ ہوتا ہے اورپولیس کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ایسے کیسز میں فریقین کو وہ مدد حاصل نہیں ہوتی جو ہونی چاہیے

پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اخلاقی طور پرضمنی انتخابات میں ناکام ہوچکی ہے کیونکہ ان کے الیکشن کمیشن پاکستان کے جانبدار ہونے کے تمام بیانات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت سندھ کی جانب سے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں اور کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ اس سال کے بجٹ میں بھی 126 ارب روپے ترقیاتی اسکیموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ سے ایک نشست بھی نہیں جیتے گی اس موقع پر سیکریٹری وومین ڈولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ انجم اقبال جمانی،پاکستان لیگل یونائیٹیڈ لائنس کے ایڈووکیٹ الطاف کھوسہ اور صائقہ احسان ، ڈپٹی ڈائریکٹر وومین ڈولپمنٹ عاشق کلہوڑو ، انچارج وومین کمپلینٹ سیل قاسم آباد قرة العین شاہ،انچارج سیف ہائوس ریشماں تھیبو، اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم احمد کھوڑو بھی وہاں موجود تھے۔