اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) انٹرنیٹ سروسز کی غیر قانونی فراہمی کے خاتمے کے لیے اپنی پرعزم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اس سلسلے میں پی ٹی اے کے زونل آفس فیصل آباد نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل فیصل آباد کے تعاون سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والے کے خلاف کامیاب چھاپہ مارا۔جاری پریس ریلیز کے مطابق سروس فراہم کنندہ پی ٹی اے کے میعادی لائسنس کے بغیر چلایا جا رہا تھا، چھاپے کے دوران آپریشنل انٹرنیٹ سیٹ اپ بشمول متعلقہ آلات سوئچز، روٹرز، او این ٹی ، 12 ڈش انٹینا اورایک غیر قانونی ٹاور قبضے میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے چھاپے کے دوران ایک شخص کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ۔ انٹر نیٹ کی غیر قانونی طور پر سروسز کی روک تھام کے حوالے سے کامیاب کوششیں پی ٹی اے کے عزم، مسلسل نگرانی اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کو روکنے کے حوالے سے جاری مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتی ہیں۔پی ٹی اے کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے لائسنس یافتہ آپریٹر وں سے ٹیلی کام خدمات کے حصول کو ممکن بنائیں تاکہ سروس کے اچانک معطل ہوجا نے کی شکایت سے بچا جا سکے ۔ لائسنس یافتہ آپریٹرز کی فہرست https://pta.gov.pk/en/industry-support/home/list-of-operators پر ملاحظہ کریں ۔