پی ڈی ایم نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا رہی،معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

66
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا رہی، عابد شیر علی پہلے پی ڈی ایم سے نواز شریف کی تقریر کی اجازت لے لیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 2023ءانتخابات میں اپنی کارکردگی کے ساتھ عوام کے سامنے جائے گی جس کی بنا پر عوام اس کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا دوہرا معیار عوام کے سامنے عیاں ہو گیا ہے، بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں شرکت کیلئے مہمانوں کو دو دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے جبکہ دوسری جانب عوام کو بغیر ٹیسٹ کے جلسوں میں بلا رہے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ اور سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، وہاں پر لاک ڈائون لگا رہے ہیں اور جہاں پر وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہے وہاں پر جلسے کر رہے ہیں، اپوزیشن منافقانہ رویہ ترک کر دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا خطرہ نہیں ہے تو لیگی قائدین پاکستان میں آ کر جلسوں میں شرکت کریں۔