پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے

170
Syed Owais Qadir Shah
Syed Owais Qadir Shah

کراچی۔ 25 فروری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لے کر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے جبکہ مد مقابل ایم کیو ایم کے امیدوار نے 36 ووٹ حاصل کیئے ۔اتوار کو اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پینل آف اجلاس کو نامزد کیا۔آغا سراج درانی نے شرجیل میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی کو پینل آف اجلاس نامزد کیا۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا،ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی گئی اور اسپیکر آغا سراج درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لیکر اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں،ایم کیو ایم کی امیدوار صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔بعد ازاں آغا سراج درانی نے سید اویس قادر شاہ نے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔سید اویس قادر شاہ عام انتخابات میں سکھر پی ایس 23 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پررکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔