چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ

82

شیخوپورہ۔ 18 فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ اور کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، مزدوروں کیلئے زیادہ سے زیادہ سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراء اور اور سرکار کی جانب سے طے کردہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ کی ادائیگی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ، اس سلسلے میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ، تحفظ ماحولیات ، سوشل سیکورٹی آفیسر ، فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت دیگر ضلعی افسران ، بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، بھٹہ ورکرز یونین کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات ، بھٹہ خشت مزدوروں کی ویکسی نیشن ، کم از کم اجرت پر عملدرآمد ، جبری مشقت ، چائلڈ لیبر ، سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراء سمیت دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ لیبر کی جانب سے ضلع بھر میں چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں اور کم اجرت دینے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے متعدد اینٹوں کے بھٹوں سمیت دوکانوں پر انسپکشن کی گئی ہے ، کم مزدوری دینے والے کاروباری حضرات کے چالان عدالت کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی اور رائج کردہ مزدوری نہ دینے والوں کے خلاف متعلقہ محکمے یکجا ہو کر کارروائیاں کریں

چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور رائج کردہ تنخواہوں پر سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ پوری تنخواہ کی وصولی ورکرز کا حق ہے