اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے آفس ہیڈ برائے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کلارا سٹرینڈوج نے پیر کو یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما شافع حسین، وفاقی وزیر سالک حسین، جاوید اختر چٹھہ، رانا خالد، مسلم لیگ ناروے کے صدر محمد رزاق اور برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے پولیٹیکل ایڈوائزر طلال رضا بھی موجود تھے۔
مسلم لیگی رہنماؤں نے کلارا سٹرینڈوج سے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے، موجودہ ملکی و عالمی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ چوہدری شجاعت حسین نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں برطانوی امداد پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں جس کا ثبوت حالیہ دنوں میں برطانوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ ہے، اس سے دوسرے ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ کلارا سٹرینڈوج نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلابی صورتحال سے دوچار ہے جس کیلئے برطانیہ کی حکومت اور عوام دونوں کی طرف سے امداد بھیجی جا رہی ہے۔