چوہدری محمد برجیس طاہر کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

110

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کشمیریوں سے محبت کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانا چاہتے ہیں۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ءمیں جب اقتدار سنبھالا اس کے بعد سے وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام اہم عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کا ہی نتیجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کوجس بہترین اور موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے آج تک کوئی نہیں کر سکا، وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہ صرف مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے بلکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ بھی چاک کیا ہے اور دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کو بھی سر عام پامال کر رہا ہے جس سے جمہوریت کے دعوے دار بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آ چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھارت کے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کر رہی ہے۔