لاہور۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ وانجینئرنگ سمیت اہم برآمدی صنعتوں کی سپلائی چین کا لازمی حصہ اور معیشت، تجارت و برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو یہاں وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر محمد فرحان منیر آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ اور کنسٹرکشن پاکستان میں روزگار فراہم کرنے والے دو بڑے شعبے ہیں، مگر پورے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو ملنے والے بنک قرضوں میں ایس ایم ایز کا حصہ صرف 5.3 فیصد اور کنسٹرکشن سیکٹر میں 11.5 فیصد ہے جسے امریکہ اور مغربی ممالک کی سطح پر لانے اور برآمدات و پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کئی گنا بڑھانے کی ضرورت ہے۔
میاں کاشف اشفاق نے مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے لیے ایس ایم ایز میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ فرانس، اٹلی، جاپان، چین، برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر اس سیکٹر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
محمد فرحان منیر نے کہا کہ دونوں اہم شعبوں سے منسلک ایس ایم ایز کو بینک فنانسنگ سے محروم نہیں ہونا چاہیے، ورنہ بے روزگاری کا مسئلہ گمبھیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے فنانسنگ کی شرائط کو مزید آسان اور اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام بینک اس میں سرمایہ کاری کریں۔