23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںچیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز کاسندس فائونڈیشن سنٹر کا دورہ، مختلف...

چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز کاسندس فائونڈیشن سنٹر کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ ، زیر علاج بچوں کی عیادت اور تحائف تقسیم کئے

- Advertisement -

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سید قمر رضا نے لاہور میں واقع سندس فائونڈیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے فائونڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، زیر علاج بچوں کی عیادت اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔سندس فائونڈیشن آمد پر پیٹرن سہیل وڑائچ اور صدر یاسین خان نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر فائونڈیشن کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے انہیں ادارے کی خدمات اور سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر گیلانی نے بتایا کہ سندس فائونڈیشن کے ملک بھر میں قائم جدید طبی مراکز میں 10 ہزار سے زائد تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سید قمر رضا نے لیبارٹری، بلڈ بینک، ٹرانسفیوژن وارڈ اور بلڈ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیت فائونڈیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات کے دوران ان میں تحائف تقسیم کیے جس سے بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قمر رضا نے کہا کہ سندس فائونڈیشن ایک مثالی ادارہ ہے جو خالص انسانیت کی بنیاد پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نہ صرف ذاتی طور پر اس مشن کا حصہ بنوں گا بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ خون اور مالی عطیات کے ذریعے اس عظیم مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔

- Advertisement -

سندس فائونڈیشن کی جانب سے سید قمر رضا کا شکریہ ادا اور امید ظاہر کی گئی کہ اوورسیز پاکستانی مستقبل میں بھی فائونڈیشن کے مشن میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔آخر میں پیٹرن سندس فائونڈیشن سہیل وڑائچ اور صدر سندس فائونڈیشن یاسین خان کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584634

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں