باکو۔18فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے منگل کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں بحرین کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح اور اومان کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین خالد ہلال نصیر الموالی سمیت مختلف ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ سہو ن بیرا موف سے ملاقاتیں کیں اور ان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر تبادل خیال کیا ۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سینیٹرز اور ایم این ایز کے وفد کے ہمراہ باکو میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے موجود ہیں۔ پارلیمانی سربراہان سے ملاقاتوں میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان علاقائی ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتا ہے اورجدیددور کے مسائل پرقابو پانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بحرین کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح اور اومان کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین خالد ہلال نصیرالموالی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کہا کہ خطے کی ترقی اورخوشحالی کے لئے کام کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور اس جیسی دیگر تنظیموں کی بدولت ہم ترقی کے ایجنڈے کو مل کر آگے بڑھا سکتے ہیں۔ بحرین کے پارلیمانی سربراہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات، رابطہ کاری کو اہم سمجھتا ہے اور خطے میں امن و امان اور ترقی کے فروغ کے لئے علاقائی تنظیموں کا ایک اہم کردار ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بحرین کے ساتھ اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں، ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں اوربین الاقوامی فورمز پر دونوں ملکوں میں بہترین معاونت دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی برادری دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین مشترکہ اقدار میں جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہو گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مختلف شعبوں میں رابطوں کو بڑھانا ہوگا۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے چیئرمین سینیٹ اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ باکو میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت پر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر مؤثر کردار ادا کیا ہے اور پارلیمانی سطح پر تعاون بھی مثالی ہے جسے مزید فروغ دیں گے، 2022 میں پاکستان اور آذربائیجان میں پارلیمانی شعبوں میں معاونت کاری کو فروغ دینے کے لئے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں پارلیمانوں میں موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات دونوں ملکوں کے لئے اہم ہیں اورسرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کہ ایس آئی ایف سی کا فورم مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اومان کی شوریٰ کونسل کے چیئر مین سے ملاقات میں پاکستانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور اومان کے مابین بردارانہ تعلقات تاریخی، سماجی ثقافتی مماثلتوں اور دوستانہ روابط پر مبنی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے سرمایہ کاری تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔انہوں نے پارلیمانی، تجارتی اور دیگر دوسرے شعبوں میں وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی اہمیت کو اجاگرگیا اور کہا کہ پاکستان کثیر الجہتی شعبوں میں اومان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ایس آئی ایف سی کے فورم بارے اومان کے وفد کے سربراہ کو آگاہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا تا کہ عوامی رابطہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور خطے کی ترقی کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ کے دورہ آذربائیجان کے دوران ان کے ہمراہ وفد میں سینیٹر پونجو بھیل، سینیٹر طلال چوہدری، ایم این اے فرحان چشتی، ایم این اے انجم عقیل، ایم این اے عرفان لغاری، ایم این اے خرم شہزاد ورک شامل ہیں۔