اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ڈی آئی خان کے قریب ہھتالہ میں ججز سکواڈ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید اہلکاروں کی شہادت پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔