اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو تفتان کے قریب پاکستان ایران بارڈر پر بازارچے کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ مقامی تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بازارچے کے قیام کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی جلد ہی اس بازارچے کا افتتاح کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایف بی آر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اور مقامی تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر ایسے منصوبے کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے جس کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس حوالے سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایف بی آر کی جانب سے ایسی کاوشیں جاری رہیں گی۔