چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضاسےارجنٹائن کی مسلح افواج کےچیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلوکی ملاقات

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو کی ملاقات

راولپنڈی۔14جون (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو نے پاکستان کے دورہ کے دوران جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔

ارجنٹائن کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف نے کہا کہ ان باہمی فائدہ مند بات چیت سے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں، تعاون کو تقویت ملی ہے اور دونوں فوجوں کے درمیان باہمی مفاہمت میں اضافہ ہوا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ارجنٹائن اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا۔قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو کو سلامی پیش کی ۔