وفاقی وزیر انجنیئرامیر مقام سے نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی ملاقات،وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد
وفاقی وزیر انجنیئرامیر مقام سے نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی ملاقات،وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے نومنتخب وزیراعظم آزادجموں وکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزارت امور کشمیر سے جاری بیان کے مطابق یہ بیرسٹر افتخار گیلانی کی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے پہلی ملاقات تھی۔ اس موقع پر انہوں نے امیر مقام کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نےآزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی،آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کوتاریخی مینڈیٹ دیاجس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔انجینئر امیر مقام نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر میں امن و امان کے قیام اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ملاقات کے دوران بیرسٹر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلانے پر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام کی دو سالہ محنت اور انتھک کوششوں کے باعث آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر امیر مقام نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن اور پیغام کو آزاد کشمیر بھر میں گھر گھر پہنچایا،آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی انجینئر امیر مقام کی محنت کا ثمر ہے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ اور آزاد کشمیر کی اوورسیز نشست پر کامیاب ہونے والے ممبر قانون سازاسمبلی عبدالرحمان آرائیں بھی موجود تھے۔







