داؤدی بوہرہ جماعت کے سیفی ہسپتال کی نئی 11 منزلہ کارڈیک ونگ کا افتتاح ،وزیرخزانہ محمداورنگزیب اور وزیراعلی سندھ کی شرکت

داؤدی بوہرہ جماعت کے سیفی ہسپتال کی نئی 11 منزلہ کارڈیک ونگ کا افتتاح ،وزیرخزانہ محمداورنگزیب اور وزیراعلی سندھ کی شرکت

کراچی۔ 29 اگست (اے پی پی):داؤدی بوہرہ جماعت کے سیفی ہسپتال نے ہفتہ کواپنی نئی 11 منزلہ کارڈیک ونگ (امراضِ قلب کے شعبے) کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ ونگ امراضِ قلب کے علاج کی تمام تر سہولیات کا احاطہ کرتی ہے اور کراچی میں دل کے علاج کی خصوصی دیکھ بھال تک رسائی کو نمایاں طور پر وسعت دیتی ہے۔جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، سرکاری شخصیات، قونصلر جنرلز، ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور کاروباری برادری کے ممتاز ارکان نے شرکت کی۔ عالی قدر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے بھائی، شہزادہ قصیٰ وجیہہ الدین نے تقریب کے دوران عالی قدر سیدنا کی نمائندگی کی۔

وزیرِ اعلیٰ نے داؤدی بوہرہ برادری کو جدید اور اعلیٰ معیار کے طبی انفراسٹرکچر سے لیس اس شاندار نئی سہولت کے قیام پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سیفی ہسپتال کا کارڈیک ونگ عوام کو دل کے امراض کے لیے اعلیٰ معیار اور جدید علاج تک رسائی فراہم کرے گا۔ صحت کے شعبے میں برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس اقدام کو انسانیت کی خدمت کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشرے کے لیے داؤدی بوہرہ برادری کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے اس نئی سہولت کو کراچی کے لیے ایک تحفہ قرار دیا جو آنے والے سالوں میں خاموشی اور مستقل مزاجی سے یہاں کے لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا۔

انہوں نے اس طرح کے اقدامات کو خدمت کی سب سے گہری شکلوں میں سے ایک قرار دیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ سہولت ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے ایک معیار قائم کرے گی جس سے وہ ترغیب حاصل کر سکیں گے۔شہزادہ قصیٰ وجیہہ الدین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اورسیدنا مفضل سیف الدین کے اس وژن کو شیئر کیا جس کا مقصد اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے عوام کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی و بہتری کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔یہ نیا کارڈیک ونگ 11 منزلہ ایک مقصد کے تحت ڈیزائن کی گئی عمارت ہے جو دل کی دیکھ بھال کا مکمل سلسلہ پیش کرتی ہے، جس میں ہنگامی خدمات (ایمرجنسی ریسپانس)، ماہرین کی مشاورت، جدید ترین تشخیصی ٹیسٹ، انٹروینشنل کارڈیالوجی، کارڈیک سرجری، انتہائی نگہداشت (کریٹیکل کیئر) اور بحالی (ریہابلیٹیشن) شامل ہیں۔